روسی صدر ولادیمیر پوتن کی سعودی عرب آمد محمد بن سلمان کا پُرتپاک استقبال

روسی صدر ولادیمیر پوتن کی سعودی عرب آمد محمد بن سلمان کا پُرتپاک استقبال

سعودی عرب (لمحہ اردو): عودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے بدھ کو ریاض کے قصر یمامہ میں ملاقات کی۔

دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، مشترکہ تعاون کے پہلوؤں اور مختلف شعبوں میں ان کی ترقی کے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔

ایس پی اے اور عرب نیوز کے مطابق ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال کی تازہ ترین پیش رفت اور اس سلسلے میں کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے متعدد امور کا بھی جائزہ لیا۔ روسی صدر کو مملکت میں خوش آمدید کہتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب اور روس کے درمیان تاریخی اور مضبوط تعلقات کا ذکر کیا۔

سعودی ولی عہد نے دونوں ممالک کے درمیان ہم آہنگی کی تعریف کی جس سے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کو کم کرنے میں مدد ملی۔

دونوں ممالک توانائی، زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں کامیابی سے ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

روسی صدر نے گزشتہ سات سالوں کے دوران سعودی عرب اور روس کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کو ماسکو کے دورے کی دعوت بھی دی۔

الاخباریہ کے مطابق اس سے قبل روسی صدر سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے اور ان کا استقبال ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر موسیٰ بن محمد العیبان نے کنگ خالد انٹرنیشنل میں کیا۔

اس کے علاوہ روسی صدر شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے بعد بدھ کی رات سعودی عرب سے روانہ ہوگئے۔ یاد رہے کہ ولادی میر پیوٹن متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کے بعد مملکت سعودیہ پہنچے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں