ایشیا کپ 2023 انڈین سکواڈ کا اعلان
دہلی: بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ایشیا کپ 2023 کے لیے 17 رکنی انڈین اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ تیز گیند باز جسپریت بمراہ کے ساتھ دائیں ہاتھ کے بلے باز کے ایل راہول اور شریاس ائیر کی انجری کے بعد ون ڈے ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جو اس ماہ پاکستان اور سری لنکا میں شروع ہونے والے ایشیا کپ 2023 کے لیے اسکواڈ میں شامل ہیں۔
نوجوان بائیں ہاتھ کے بلے باز تلک ورما کو بھی ایشیا کپ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ اسی طرح لیگ اسپنر یوزویندر چہل کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ کلدیپ یادو کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
اسکواڈ کے اعلان سے قبل بھارتی میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ایشیا کپ 2023 کے لیے ہاردک پانڈیا کی جگہ جسپریت بمراہ کو ٹیم کا نائب کپتان بنایا جائے گا، تاہم ہاردک پانڈیا کو نائب کپتان کے عہدے پر برقرار رکھا گیا ہے۔
ہندوستانی ٹیم اسکواڈ
روہت شرما (کپتان)، ہاردک پانڈیا (نائب کپتان)، ویرات کوہلی، شبمن گل، اشان کشن، شریاس ایر، کے ایل راہول، تلک ورما، سوریا کمار یادو، رویندرا جدیجا، اکشر پٹیل، کلدیپ یادیو، شاردول ٹھاکر، جسپریت بمراہ ، محمد شامی، محمد سراج، پرساد کرشنا ۔ جبکہ سنجو سیمسن اسکواڈ میں واحد ریزرو کھلاڑی ہیں۔
اگر فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی بات کی جائے تو وہ طویل انجری کے بعد آئرلینڈ کے خلاف جاری ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کپتان کے طور پر انٹرنیشنل کرکٹ میں واپس آئے ہیں، جب کہ کے ایل راہول اور شریاس ایر بھی انجری کے وقفے کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ملازمت کے بہترین مواقع
واضح رہے کہ ایشیا کپ میں بھارت اپنا پہلا میچ 2 ستمبر کو سری لنکا کے شہر پالی کلے میں پاکستان کے خلاف کھیلے گا جب کہ پہلے راؤنڈ میں اس کا دوسرا میچ 4 ستمبر کو نیپال کے خلاف ہوگا۔