سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی۔
جمعہ کے روز سعودی پریس ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ ملاقات ایرانی وزیر خارجہ کے دورہ سعودی عرب کے دوران ہوئی جو کہ مارچ میں ہونے والے معاہدے کے بعد دراصل ایرانی وزیر خارجہ کا مملکت کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
ملاقات میں دونوں حکام نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور دونوں ممالک کے درمیان مستقبل میں شراکت داری کے مواقع تلاش کئے۔ ملاقات میں حالیہ بین الاقوامی اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی جانب سے سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔
ملاقات میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان بھی موجود تھے جب کہ ایرانی وفد کے حکام نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے بعد ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان مملکت کے پہلے سرکاری دورے پر جمعرات کو ریاض پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں : پی سی کی معذرت عمران خان کا کلپ ویڈیو میں شامل
جمعرات کو دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ ادھر سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے امید ظاہر کی ہے کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر مملکت کا دورہ کریں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے تصدیق کی کہ صدر رئیسی جلد سعودی عرب کا دورہ کریں گے۔ ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کے بعد سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے جون میں تہران کا پہلا سرکاری دورہ کیا۔ دریں اثناء سعودی وزیر خارجہ نے اپنے ایرانی ہم منصب سے ملاقات کی۔
واضح رہے کہ ایران نے 6 جون کو سعودی عرب میں اپنا سفارت خانہ سات سال بعد دوبارہ کھول دیا تھا۔ رواں سال مارچ میں ایران اور سعودی عرب کے درمیان چین کی ثالثی میں ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تنازع ختم کرنے اور تعلقات کی بحالی پر اتفاق کیا گیا تھا۔
سال 2016 میں تہران میں سعودی سفارت خانے پر مظاہرین کے حملے کے نتیجے میں سعودی عرب نے ایران کے ساتھ اپنے سفارتی تعلقات منقطع کر لیے تھے۔