
انڈیا جانے والی سیما حیدر کو بھارتی فلم میں انڈین ایجنٹ کے کردار کی پیشکش
پاکستان سے غیر قانونی طور پر بھارت جانے والی خاتون سیما حیدر کو فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق ‘جانی فائر فاکس پروڈکشن ہاؤس’ کی ایک ٹیم نے سیما حیدر کا گریٹر نوئیڈا میں واقع ان کے گھر پر آڈیشن دیا ہے۔ فلم ‘اے ٹیلر مرڈر اسٹوری’ کی کہانی کنہیا لال کے گرد گھومتی ہے، جو ادے پور میں مسلم انتہا پسندوں کے ہاتھوں قتل ہو گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق سیما حیدر جو کہ غیر قانونی طور پر سرحد پار کر کے بھارت میں مقیم ہیں اور ان پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کی ایجنٹ ہونے کا شبہ ہے، کو اس فلم میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی ایجنٹ کے طور پر کاسٹ کیا گیا ہے۔ سیما اور ان کے شوہر سچن نے فلم کے ہدایت کار جینت سنہا اور بھرت سنگھ سے بھی ملاقات کی۔
یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی جب ایک ویڈیو منظر عام پر آیا جس میں سیما اور سچن کو اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں ایک نئے گھر میں آباد ہونے کے بعد جدوجہد کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔
اس ویڈیو میں دونوں نے دعویٰ کیا کہ وہ مالی مسائل کا شکار ہیں اور کھانے پینے کی اشیاء بھی نہیں خرید سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے پیسے نہیں ہیں۔
اس سے قبل بھارت کی ایک سرکردہ ہندو تنظیم کرنی سینا نے کہا تھا کہ وہ سیما حیدر کو ‘پاکستان کی سرحد تک چھوڑ دے گی۔’
سیما حیدر گزشتہ ماہ اپنے چار بچوں کے ساتھ غیر قانونی طور پر بھارت میں داخل ہوئی تھیں۔ پب جی موبائل گیم کھیلتے ہوئے اس کی ملاقات ہندوستانی سچن سے ہوئی جو جلد ہی محبت میں بدل گئی۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ‘اب میں ان سے پیار کرتی ہوں اور ان کے لیے اپنا وطن چھوڑ آئی ہوں۔’