
پاکستان سپر لیگ 8 کا پہلا میچ لاہور قلندرز کے نام
ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ 8 کے میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو ایک رن سے شکست دے دی۔
ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو ان کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوا۔
ملتان سلطانز کے شان مسعود 35 رنز بنا کر حسین طلعت کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان نے 75 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم انہیں شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔
ان کے بعد ڈیوڈ ملر بھی 25 رنز بنانے کے بعد حارث رؤف کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ آخری اوور میں کیرون پولارڈ رن آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان کو زمان خان نے ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اسامہ میر بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوگئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے حسین طلعت، شاہین شاہ آفریدی، زمان خان اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 8 کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز کے فخر زمان اور طاہر بیگ نے اننگز کا آغاز کیا تاہم طاہر بیگ 32 رنز بنانے کے بعد عقیل حسین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
فخر زمان نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کی پہلی ففٹی اسکور کی اور وہ 66 رنز بنا کر اسامہ میر کا شکار بنے۔
ان کے بعد شائی ہوپ 19 اور کامران غلام 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ حسین طلعت 20 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیوڈ ویل پانچ رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر اور احسان اللہ نے دو دو اور عقیل حسین اور شاہنواز دھانی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

لاہور قلندرز الیون
کپتان شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف، فخر زمان، طاہر بیگ، ڈیوڈ ویزے اور سکندر رضا فائنل الیون کا حصہ تھے۔ دیگر کھلاڑیوں میں حسین طلعت، شائی ہوپ، زمان خان، لیام ڈاسن اور کامران غلام کو بھی فائنل الیون میں شامل کیا گیا۔ پی سی بی کلاس آف 22 کے طاہر بیگ نے پی ایس ایل میں ڈیبیو کیا۔
ملتان سلطانز الیون
ملتان سلطانز الیون میں کپتان محمد رضوان، شان مسعود، عثمان خان، ڈیوڈ ملر، کیرن پولارڈ، خوشدل شاہ، عقیل حسین، اسامہ میر، سمین گل، شاہ نواز دھانی اور احسان اللہ شامل ہیں۔ اس سے قبل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کی رنگا رنگ تقریب ملتان اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی۔ چیمپئنز لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ سے قبل شائقین کرکٹ نے شاندار لائٹنگ ڈسپلے اور میوزیکل شو سے خوب محظوظ کیا۔ تقریب میں پرفارم کرنے والے گلوکاروں میں ساحر علی بگا، آئمہ بیگ شی گل، فارس شفیع اور عاصم اظہر شامل تھے۔