98

عید سے پہلے ایس ٹی آئی پروگرام کے اساتذہ کو تنخواہیں ملنے کا امکان

سابقہ پی ٹی آئی حکومت نے پنجاب بھر کے سکولوں میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے سکول ٹیچر انٹرنی (ایس ٹی آئی) پروگرام کا آغاز کیا۔


پروگرام کے کامیاب نتائج کے لیے پنجاب حکومت نے پہلے مرحلے میں صوبہ پنجاب کے چھ اضلاع ڈیرہ غازی خان،راجن پور،میانوالی،رحیم یار خان،سیالکوٹ اور گوجرنوالہ میں پچھلے سال اگست کے مہینے ایس ٹی آئیز کو 9 ماہ کی انٹرنشپ کی بنیاد پر سکولوں میں بھرتی کیا۔


ایس ٹی آئیز کا پروگرام پنجاب کے چھ اضلاع میں کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور تمام انٹرنیز کی کارکردگی اور پڑھانے کے طریقہ کار کے بدولت بچوں کی پرفارمینس اور رزلٹ میں واضح فرق دیکھا گیا ہے تاہم یہ پروگرام ایس ٹی آئیز کو اگست سے لے کر اپریل تک ایک ماہ کی تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے ناکامی کی طرف بڑھتا دیکھا جارہا ہے۔


ایس ٹی آئیز نے تنخواہ کے حصول کے لیے سی ای او اور ڈی سی آفس کے سامنے احتجاج بھی ریکارڈ کرایا اعلیٰ حکام کی طرف سے تمام تر یقین دہانی کرانے کے باوجود بھی تاحال ایس ٹی آئیز کی تنخواہ کا مسئلہ حل نہ کیا جاسکا۔


سیکرٹری سکول ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے ایس ٹی آئیز کو بروقت تنخواہ کی ادائیگی کے لیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کو کئی بار نوٹیفیکیشن جاری کئے گئے لیکن عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے یہ معاملہ تاحال تاخیر کا شکار ہے جس کی وجہ سے تمام انٹرنیز کو سخت مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں